کراچی: کراچی کے علاقے جہان آباد میں واقع گودام میں آتشزدگی سے کروڑوں روپے مالیت کی اجناس جل کر خاکستر ہوگئیں۔ العربیہ گودام میں رکھی مرچ کی بوریوں میں اتوار کو اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گودام کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ فائر بریگیڈ کی سولہ سے زائد گاڑیاں موقع پر پہنچیں ،گودام کے پچھلے حصے میں کوئی روشندان یا دروازہ نہ ہونے کی وجہ سے دیواروں کو توڑ کر چار گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا جاسکا۔
گودام کے مالک کے مطابق گودام میں متعدد تاجروں کی اجناس سے بھری چار ہزار سے زائد بوریاں موجود تھیں۔ آتشزدگی کے اس وقعے کے باوجود یونین کونسل جہان آباد کے نائب ناظم باسل خان نے دعویٰ کیا کہ گودام میں آگ بجھانے کے آلات نصب تھے۔ چیف فائر آفیسر احتشام الدین نے بتایا کہ خوفناک آتشزدگی سے گودام کے اسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا ہے ،کئی جگہ سے پلستر اکھڑ گیا ہے اور آگ بجھانے کے دوران پانی کے پریشر سے اینٹیں بھی اکھڑ گئی ہیں۔
چیف فائر آفیسر نے یونین کونسل کے نائب ناظم کے دعوے کی تردید کی۔آگ بجھانے کے دوران مناسب حفاظتی لباس نہ ہونے سے ایک فائر فائٹر کی حالت خراب ہوگئی جس پر اسے فوی طور پر اسپتال پہنچایا گیا۔