اسلام آباد: چین کی کمپنی زیڈ ٹی ای نے پاکستان میں نئی تھری جی ٹیکنالوجی متعارف کرا دی۔ پی ٹی اے جلد لائسنس جاری کر دے گی۔ دنیا کے ایک سو پینتیس سے زائد ممالک میں زیر استعمال ایس ڈی آر ٹاور متعارف کرانے کے لئے اسلام آباد میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں ٹیلی نار، یوفون، وارد، موبی لنگ اور زونگ کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس سافٹ ویئر کی مدد سے پاکستان میں ٹوجی ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیاں بیک وقت ٹو جی اور تھری جی ٹیکنالوجی استعمال کر سکتی ہیں۔
چیئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر یاسین کا کہنا تھا کہ اس جی تھری ٹیکنالوجی سے پاکستان ٹیلی کام سیکٹر میں مزید بہتری آئے گی۔ موبائل انٹرنیٹ، موبائل بینکنگ اور موبائل ٹی وی کو فروغ ملے گا۔ زیڈ ٹی ای کے ڈائریکٹر نجیب ثاقب کا کہنا تھا کہ اس ٹیکنالوجی کے پاکستان میں آنے سے نہ صرف سرمایہ کاری بڑھے گی بلکہ پاکتان تھری جی ٹیکنالوجی استعمال کرنے والے ملکوں میں شامل ہو جائے گا۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ سرمایہ کاری کے نقطہ نظر سے اس نئے سافٹ ویئر کے باعث ایک ہی پلیٹ فارم پر بہت سی سہولیات میسر ہوں گی۔ ماہرین کے مطابق یہ ٹیکنالوجی پاکستان میں جہاں سرمایہ کاری میں اضافے کا سبب بنے کی وہاں اس سے روزگار کے مزید مواقع بھی پیدا ہوں گے۔