اسلام آباد: مسلم لیگ ق کے سینئر رہنما حامد ناصر چٹھہ نے کہا ہے کہ آئندہ مدت کے لئے پارٹی صدارت کے امیدوار کا فیصلہ خاندانی بنیادوں پر نہیں باہمی مشاورت سے ہونا چاہئے۔ اسلام آباد میں ہمایوں اختر کی رہائش گاہ پر پارٹی کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حامد ناصر چٹھہ نے کہا کہ ہفتے کے روز پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں اپنے خدشات اور تحفظات پیش کریں گے اور پارٹی رہنماؤں کی باہمی مشاورت سے جو فیصلہ ہو گا ہم سب اس کی پاسداری کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز لیگ کی طرح مسلم لیگ ق کی صدارت کا فیصلہ خاندانی بنیادوں پر نہیں بلکہ باہمی صلاح مشورے سے کیا جائے گا۔ حامد ناصر چٹھہ نے کہا کہ پارٹی صدارت کے لئے ایسا امیدوار ہونا چاہئے جو سب کے لئے قابل قبول ہو اور سب کو ساتھ لے کر چلے۔ چوہدری شجاعت حسین کی طرف سے سمیرا ملک کو پارٹی کے شعبہ خواتین کی صدارت سے ہٹانے کے حوالے سے حامد ناصر چٹھہ کاکہنا تھا کہ پارٹی آئین کے مطابق سمیرا ملک کا ساتھ دیا جائے گا۔