سندھ میں تبدیلیوں کی خبریں بے بنیاد ہیں،صوبائی وزراء
کراچی: سندھ کے وزراء نے صوبے میں تبدیلیوں کی خبریں من گھڑت اور بے بنیاد قرار دے دیں وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نے کراچی میں طالبانائزیشن کا کوئی ٹھوس ثبوت نہیں دیا۔ سندھ اسمبلی بلڈنگ میں وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا اور وزیر قانون ایاز سومرو کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر وزیر پیر مظہر الحق نے کہا کہ سندھ میں امن و سکون سے حکومت چل رہی ہے لیکن وزیراعلیٰ کی تبدیلی یا حکومت گرنے کی افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔
وزیرداخلہ ذوالفقار مرزا نے بتایا کہ لندن میں ملاقات کے دوران ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے طالبانائزیشن کے حوالے سے چند اخباری تراشے پیش کئے۔ کوئی ٹھوس ثبوت نہیں تھا لیکن پھر بھی تحقیقات جاری ہے۔ صوبائی وزراء کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے مخالفین سازش کے تحت کام کر رہے ہیں لیکن وہ حکومت غیر مستحکم نہیں کر سکتے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور دوبارہ بھی منتخب ہو گی۔