مقبوضہ کشمیر کے انتخابات عوام کی امنگوں کے مطابق نہیں، دفتر خارجہ
اسلام آباد: دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انتخابات عوامی خواہشات کی ترجمانی نہیں کرتے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان محمد صادق نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ حریت کانفرنس مقبوضہ کشمیر میں انتخابات کا بائیکاٹ کر چکی ہے اور حریت قیادت کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ امریکی سفیر کو جمعرات کو دفتر خارجہ میں طلب کر کے بنوں میں ہونے والے میزائل حملوں پر سخت احتجاج کیاگیا۔ ترجمان کے مطابق سیکریٹری خارجہ نے انہیں بتایا کہ یہ حملے پاکستان کی خود مختاری کی خلاف ورزی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں پر منفی اثرات مرتب کر رہے ہیں۔ ان حملوں کا معاملہ بھی امریکا کے ساتھ دو طرفہ بنیادوں پر اٹھایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ یا دوسرے عالمی فورموں پر اس مسئلے کو اٹھانے کے لئے مختلف فیصلہ کرنا پڑے گا۔ ترجمان نے بتایا کہ پاکستان بے نظیر بھٹو قتل کیس کی تحقیقات کے حوالے سے اقوام متحدہ کے ساتھ رابطے میں ہے اور اس معاملے پر جلد اعلان متوقع ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ صدر آصف زرداری چوبیس اور پچیس تاریخ کو متحدہ عرب امارات کا پہلا سرکاری دورہ کریں گے اور برطانوی وزیر خارجہ ملی بینڈ چھبیس نومبر کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔ ترجمان نے کہا کہ احباب پاکستان گروپ نقد کیش دینے والا گروپ نہیں ہے بلکہ پاکستان کو مختلف منصوبوں میں مدد دے گا۔