لاہور: شمالی علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ بارش اور ہلکی برفباری سے پنجاب کے میدانی علاقے سردی کی لپیٹ میں آ گئے۔ لاہور میں محکمہ موسمیات کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران شمالی علاقوں میں برفباری، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جس سے پیدا ہونے والی سردی کی لہر نے پنجاب کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ لاہور،فیصل آباد، میانوالی کا درجہ حرارت دس، بہاولپور، جھنگ نو، ٹوبہ ٹیک سنگھ نو اعشاریہ پانچ ،شورکوٹ آٹھ اور مری کا صفر سینٹی گریڈ رہا۔ موسم کے سرد ہوتے ہی لوگوں نے گرم کپڑے پہننے شروع کر دیئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بیشتر مقامات کا مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ شمالی علاقوں میں ہلکی برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔