میزائل حملوں پر امریکہ سے کوئی معاہدہ نہیں ہوا، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیر اعظم سیدیوسف رضاگیلانی نے کہا ہے کہ میزائل حملوں پر امریکا سے کوئی معاہدہ نہیں کیا۔ انہوں نے بنوں کے علاقہ جانی خیل میں امریکی میزائل حملہ کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اپنی سلامتی اور خودمختاری پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔تمام دوست اور اہم ممالک کی قیادت سے ان حملوں کی روک تھام کے حوالے سے بات ہوئی ہے۔ امریکہ کے ساتھ موجودہ دور میں حملوں کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہوا تاہم اگر جنرل مشرف نے اس حوالے سے کوئی معاہدہ کیا ہے تو دفتر خارجہ میں اس کی کوئی دستاویزات موجود نہیں۔
قومی اسمبلی میں مختلف اراکین کی طرف سے اس حوالے سے اٹھائے گئے نکتہ اعتراض پر وزیر اعظم نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار قوم اور پاکستان ایٹمی قوت ہے ہم تمام فیصلے اپنے مفاد میں کریں گے۔