سال دو ہزار نو کو مسلح افواج کیلئے تربیت کا سال قرار
اسلام آباد: سال دو ہزار نو کو مسلح افواج کے لئے تربیت کا سال قرار دے دیا گیا۔ کور کمانڈر منگلا لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد کا کہنا ہے کہ ملک کو درپیش معاشی بحران کا اثر پاک فوج پر بھی پڑا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد نے یہ بات کھاریاں کینٹ میں پاک فوج کی جنگی مشقوں کے معائنے کے موقع پر کہی۔ شاہسوار دو ہزار آٹھ نامی ان مشقوں میں بکتر بند اور انفینٹری کے دستے حصہ لے رہے ہیں۔ کور کمانڈر منگلا نے بتایا کہ شاہ سوار جیسی بڑی مشقیں ہر دو سال میں منعقد کی جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ آرمی چیف اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی ہدایت پر سال دو ہزار نو کو مسلح افواج کے لئے تربیت کا سال قرار دیا گیا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد نے کہا کہ موجودہ دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے فوج کے تمام شعبوں کو جدید خطوط پر تربیت دی جائے گی۔ کیونکہ بہترین تربیت یافتہ فوج ہی مضبوط دفاع کی ضامن ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش معاشی بحران کا اثر پاک فوج پر بھی پڑا ہے اور محدود وسائل کو بہترین انداز میں استعمال کرتے ہوئے یہ مشقیں کی جارہی ہیں۔