لاہور: بھارتی فلمیں دیکھ کر شاہ رخ خان بننے کا جنون قصور کے رہائشی نوعمر ناصر کو بھارت لے گیا، جہاں اسے تین ماہ قید کاٹنا پڑی۔ناصر گنڈا سنگھ والا بارڈر کراس کرکے غیر قانونی طور پر بھارت داخل ہوا۔ فلمسٹار بننے کے شوق میں گرفتار ہونے کے تین ماہ بعد اس کی رہائی عمل میں آسکی۔پندرہ سالہ ناصر سلطان کو بی ایس ایف نے واہگہ بارڈر پر رینجرز کے حوالے کیا۔ اس موقع پر ناصر سلطان کے عزیز واقارب بھی موجود تھے۔
نو عمر ناصر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگیا۔ اس نے کہا کہ دوران قید بھارت میں اس سے اچھا سلوک کیا گیا، اس نے اپنی غلطی کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ ایسا نہیں کرے گا۔ناصر سلطان نے بتایا کہ اسی کی عمر کا ایک اور لڑکا بھارت میں قید ہے۔ اس کا کہناتھا کہ قید کے دوران اسے گھر اور ملک بہت یاد آیا۔بھارتی قید سے آزاد ہونے والے ناصر سلطان کے چچا کا کہنا ہے کہ ناصر سترہ اگست کو گھر سے لاپتہ ہوگیا۔ چند روز بعد ناصر کا فون آیا کہ وہ بھارتی جیل میں ہے۔
عزیز و اقارب کا کہنا ہے کہ وہ اکثر گھر میں شاہ رخ خان کی فلمیں لاکر دیکھا کرتا تھا۔ناصر سلطان کا کہنا ہے کہ شوق نے اسے غلطی پر مجبور کیا۔ ناصر نے کہا کہ وہ خدا کا شکر گزار ہے کہ وہ صحیح سلامت واپس اپنے ملک اور گھر والوں میں پہنچ گیا ہے۔