اسلام آباد: پارلیمانی قرارداد پر عمل درآمد کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں خارجہ ، دفاع اور داخلہ امور کے وزراء طلب کئے جائیں گے ۔ کمیٹی کا اجلاس سینیٹر رضاربانی کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا ۔ اجلاس میں سترہ رکنی کمیٹی کے تیرہ ارکان نے شرکت کی ۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ کمیٹی نے قبائلی علاقوں میں حالیہ امریکی حملوں کا سخت نوٹس لیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے واضح کیا کہ مشترکہ قرارداد منظور ہونے کے بعد توقع کی جارہی تھی کہ امریکی کارروائیاں ختم ہوجائیں گی ۔
رضاربانی کا کہنا تھا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ امریکاایک جمہوری ملک ہے اور وہ دیگر ممالک کی رائے کا احترام کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے بنوں میں امریکی حملے کی سخت مذمت کی ہے اور کمیٹی نے حکومت کو تجویز دی ہے کہ امریکی کارروائیوں کے بارے میں عالمی سطح پر رائے عامہ ہموار کرے ۔ سینیٹر رضاربانی نے بتایا کہ آئندہ اجلاس میں وزیر خارجہ ، وزیر دفاع ، مشیر داخلہ اور آئی ایس آئی کے حکام کو طلب کر کے قراردادپر عملدرآمدکے بارے میں پوچھا جائے گا۔