|
منشیات کیس:مشرف کی متاثرین کو مدد کی یقین دہانی
اسلام آباد: سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں منشیات اسمگلنگ مقدمے میں گرفتار پاکستانیوں کی رہائی کیلئے وہ ہر ممکن کوشش کریں گے۔ سعودی عرب میں گرفتار شمائلہ کے والد رئیس احمد نے آج نیوز کو بتایا کہ سابق صدر پرویز مشرف نے ایک نجی ٹی وی چینل پر پروگرام کے بعد انہیں موبائل پر فون کیا اور واقعے سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔ رئیس احمد نے سابق صدر پرویز مشرف کو بتایا کہ سعودی عرب منشیات اسمگلنگ میں ان کی بیٹی شمائلہ اور داماد عارف چوہان کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ اس کے اصل ملزمان کوئی اور ہیں۔
رئیس احمد کے مطابق پرویز مشرف نے کہا کہ بے گناہ پاکستانیوں کی گرفتاری افسوسناک واقعہ ہے اور وہ ان کی رہائی کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے تاکہ یہ پاکستانی اپنے وطن واپس آسکیں۔ |