|
سترہویں ترمیم سے پہلے متنازعہ شقیں ختم کی جائیں،شجاعت
شہداد کوٹ : مسلم لیگ کے رہنما چوہدری شجاعت نے کہا ہے کہ ستریویں ترمیم کے خاتمے کیلئے بنائی گئی کمیٹی آٹھ سال میں بھی کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکتی۔ ضلع قمبرشہداد کوٹ میں مرحوم ناظم شبیر چانڈیو کی رہائش گاہ پر تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سترہویں ترمیم کے خاتمے سے پہلے اس میں شامل متنازع شقیں ختم کی جائیں۔ چوہدری شجاعت نے کہا کہ عوام نئے صوبے نہیں چاہتے پہلے سے قائم چاروں صوبوں کو ترقی دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے سرائیکی علاقے میں رہنے والوں کے بجائے باہر رہنے والے صوبہ بنانے کی بات کررہے ہیں۔ موجودہ حکومت مفاہمت کی بات تو کرتی ہے مگر اس پر عمل نہیں کرتی۔ سابق صدر پرویز مشرف کے بارے میں ایک سوال پر چوہدری شجاعت نے کہا کہ دو سال بعد ان کی حمایت کے بارے میں سوچا جائے گا۔ اس موقع پر سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ ڈرون حملوں پر حکومت منافقت کے بجائے عوام کو وضاحت دے۔ |