|
لاہور: مہنگی پیٹرولیم مصنوعات کیخلاف شٹرڈاؤن
لاہور: بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اضافے کے خلاف لاہور میں تاجروں کی ہڑتال جاری ہے۔انجمن تاجران پاکستان کی کال پر لاہور کی چار سو کے قریب تمام مارکیٹیں بشمول اکبری منڈی، شاہ عالم مارکیٹ، مال روڈ، ہال روڈ، بیڈن روڈ، برانڈ رتھ روڈ ، اردو بازار، سوہا بازاراور مین مارکیٹ گلبرگ سمیت تمام بڑی اورچھوٹی مارکیٹیں بند ہیں۔ مارکیٹوں کی بندش کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک بھی معمول سے کم ہے۔
انجمن تاجران پاکستان کے صدر حاجی مقصود بٹ اور دیگر عہدیداروں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوڈ شیڈنگ سے ان کا کاروبار بری طرح متاثر ہو رہا ہے اگر حالات پر قابو نہ پایا گیا تو ملکی صنعت تباہ ہوجائے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر لوڈ شیڈنگ ختم نہ کی گئی تو ملکی سطح پر شٹر ڈاوٴن کیا جائے گا۔تاجروں کا کہنا ہے کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی بڑھ رہی ہے اور عام آدمی کی قوت خرید کم ہو رہی ہے۔بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف گوجرانوالہ میں بھی جزوی ہڑتال کی گئی۔ اس موقع پر ہڑتال کے حامیوں اور مخالفین میں ہاتھاپائی ہوئی ، پولیس نے لاٹھی چارج کر کے مظاہرین کو منتشر کیا۔ |