|
راولپنڈی: ایک سو بیس مشتبہ افرادگرفتار
راولپنڈی: راولپنڈی پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران ایک سو بیس مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ اسلام آباد میں بھی مقابلے کے بعد سات ملزمان گرفتار کر لئے گئے۔ راولپنڈی میں چوہڑ چوک دھماکے کے بعد انٹیلی جنس کی اطلاعات کی روشنی میں پولیس نے سی پی او راوٴ محمد اقبال کی زیرنگرانی ایئر پورٹ، سول لائنز اور ویسٹریج کے علاقوں میں سرچ آپریشن کیا۔ سرغ رساں کتوں کی مدد کئے گئے سرچ آپریشن کے دوران ایک سو بیس مشکوک افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار افراد مختلف علاقوں میں اپنی موجودگی کی وجہ بتانے سے قاصر رہے جبکہ اکثر کے پاس شناختی دستاویزات بھی نہیں تھیں۔ اسلام آباد میں پولیس نے شہزاد ٹاوٴن کے علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران مقابلے کے بعد سات ملزمان گرفتار کر لئے جن مین ایک خطرناک اشتہاری بھی شامل ہے۔دہشت گردی کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر جڑواں شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں کے علاوہ تمام حساس اور اہم مقامات کی سیکورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ |