|
چٹھہ کوق لیگ کاصدربنانے پراتفاق
لاہور: مسلم لیگ قاف کے سینیئر رہنماوٴں کا اجلاس سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر کی رہائش گاہ پر ہوا، جس میں پارٹی قیادت کسی چھوٹے صوبے کو دینے کی تجویز سامنے آئی ہے۔قیادت کی تبدیلی سے متعلق ہونے والے اس اجلاس میں حامد ناصر چٹھہ کو مشاورتی کمیٹی کا چیئرمین بنانے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ تاہم حامد ناصر چٹھہ اپنے رضاعی بھائی کے قتل کی اطلاع ملنے پر اجلاس سے اٹھ کر چلے گئے، جس کی وجہ سے کوئی فیصلہ نہ ہوسکا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ قاف کے سینیئر نائب صدر سلیم سیف اللہ نے کہا کہ چودھری برادران نے ق لیگ کو گھر کی پارٹی بنا رکھا ہے، جبکہ آئین کی رو سے چودھری شجاعت تیسری مرتبہ پارٹی کے صدر نہیں بن سکتے۔ ہمایوں اختر کا کہنا تھا کہ سینیئر قیادت آٹھ جولائی کو ہونے والے صوبائی جنرل کونسل کے اجلاس کو غیر آئینی تصور کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یونین کونسل اور ڈویژن کی سطح پر الیکشن کے بعد پارٹی کے مرکزی اور صوبائی عہدیداروں کا انتخاب عمل میں لایا جائے۔ |