|
آمروں کو سزا ملنی چاہئے،صدر زرداری
اسلام آباد: صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آمروں کو ان کی موت اور تدفین کے بعد بھی آئین توڑنے کی سزا ملنی چاہئے۔ پانچ جولائی انیس سو ستتر کو جنرل ضیا الحق کی طرف سے اس وقت کی جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر آمریت مسلط کرنے کے خلاف منائے جانے والے یوم سیاہ پر قوم کے نام اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ پیپلزپارٹی آئین کو غیر جمہوری شقوں سے پاک کرنے کے عزم پر قائم ہے۔
صدر نے کہا کہ جمہوری ڈھانچوں کو سبوتاژ کرنے کا جو سلسلہ پانچ جولائی انیس سو ستتر کو شروع ہوا وہ ہمیں اس بات کی یاد دلاتا ہے کہ کس طرح ایک فوجی آمر نے اپنی سیاسی بقاء کیلئے انتہا پسندوں کی پرورش کی اور کس طرح ایک دوسرے آمر نے انہی انتہا پسندوں کو اپنے اقتدار کو طول دینے کیلئے ایک نئے انداز سے بری طرح استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آج کے دن وقتاً فوقتاً آمروں کی طرف سے آئین میں پیدا کردہ ہر قسم کے غیر جمہوری بگاڑ سے اس مقدس دستاویز کو پاک کرنے کا عزم کرنا چاہیے۔جبکہ دوسری طرف وزیر اعظم یوسف رضاگیلانی نے آج یوم سیاہ منانے کی اپیل کی ہے۔ |