|
ملک میں بارشوں کا آغاز ایک ہفتے بعد متوقع
اسلام آباد: ملک میں مون سون بارشوں کا باقاعدہ آغاز ایک ہفتے بعد متوقع ہے۔ پنجاب، سرحد اور کشمیر کے بیشتر علاقوں میں مون سون سے قبل بارشوں کا سلسلہ آج ختم ہو جائیگا۔محکمہ موسمیات کے مطابق رواں سال پاکستان میں مون سون کی بارش معمول کے مطابق ہوگی۔ پنجاب، سرحد اور کشمیر کے بشیر علاقوں میں گزشتہ چار پانچ روز سے جاری قبل از مون سون بارشوں کا سلسلہ بھی اختتام پذیر ہوگیا ہے۔ آئندہ چار سے پانچ روز تک ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک رہے گا جبکہ مون سون کی بارشوں کا باقاعدہ آغاز جولائی کے دوسرے ہفتے کے آخری دنوں میں متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بین الاقوامی ادارہ موسمیات کی طرف سے رواں سال کے دوسرے نصف میں سمندری طوفانوں کے خدشات کے بعد محکمہ موسمیات پاکستان نے بھی مون سون برساتوں سے متعلق پیشگوئی میں تبدیلی کر دی ہے۔ جون کے وسط میں مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال مون سون بارشوں کا درجہ پلس دس تھا جسے تبدیل کر کے منفی دس کر دیا گیا ہے تاہم اس کا شمار بھی معمول کی بارشوں میں ہی ہوتا ہے۔ ادھر مون سون ہوائیں اپنی پوری شدت کے ساتھ بھارت کے وسطی علاقوں پر موجود ہیں۔ جس کے باعث بھارتی ریاست گجرات اور ممبئی میں موسلادھار بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔ |