فائنل میں سری لنکا سے سخت مقابلے کی توقع ہے ،دھونی
کراچی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کے فائنل میں سری لنکا سے سخت مقابلے کی توقع ہے۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اننگز کے آغاز سے ہی جارحانہ بیٹنگ کے باعث تین سو سے زائد کا ہدف حاصل کرنا آسان ہوا۔
بھارتی کپتان نے کہا کہ پورے ٹورنامنٹ میں وکٹ بیٹسمینوں کو مدد دیتی رہی اور بولرز کو خاطر خواہ کارکردگی دکھانے کا موقع نہیں ملا ۔ان کا کہنا تھا کہ ایونٹ کا فارمیٹ ان کی سمجھ میں نہیں آیا وہ صرف یہ جانتے تھے کہ بھارتی ٹیم جیت کر فائنل میں پہنچ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا بھی ایک مضبوط ٹیم ہے جس سے فائنل میں سخت مقابلے کی امید ہے۔
سری لنکا کرکٹ ٹیم کے کپتان مہیلا جے وردنے نے کہا کہ بیٹنگ کے دوران ان کے بلے بازوں سے غلطیاں نہ ہوتیں تو مزید بیس سے تیس رنز حاصل کئے جاسکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس سے کوئی غرض نہیں کہ فائنل میں ان کا حریف کون ہے، وہ اپنے اعزاز کے دفاع کی بھرپور کوشش کریں گے۔
سپرفور مرحلے کا آخری میچ آج رسمی کارروائی کے طور پر پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں ایونٹ سے باہر ہوچکی ہیں جبکہ ایونٹ کے فائنل میں اتوار کو سری لنکا اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔