ایشیا کپ فائنل :کرکٹ بورڈ کے آفیشیلز پاکستان پہنچ گئے
کراچی: ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل اور اے سی سی کی سلور جوبلی تقریب میں شرکت کے لئے بھارت سری لنکا اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے آفیشلز پاکستان پہنچ گئے۔ تینوں بورڈ کے ممبران دبئی سے کراچی ایئرپورٹ پہنچنے جہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری نرنجن شاہ نے کہا کہ پاکستان میں ایشیا کپ کے کامیاب انعقاد سے یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ یہاں سیکورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے بھارت پاکستان کو مکمل سپورٹ کرے گا۔ نرنجن شاہ کا کہنا تھا کہ ایشیائی کرکٹ کا اتحاد وقت کی ضرورت ہے جس سے مسائل کے خاتمے کے ساتھ خطے میں کھیل کو فروغ مل رہا ہے۔
ایشین کرکٹ کونسل کے صدر ارجنا رانا ٹنگا نے کہا کہ ایشیا میں کرکٹ تیزی سے مقبولیت پا رہا ہے اور یہ ہی وجہ ہے کہ اس خطے کی تین ٹیمیں ورلڈ چیمپئن بنیں جبکہ بنگلہ دیش ایشیا کی چوتھی ابھرتی ہوئی ٹیم ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پر امن اور کرکٹ سے محبت کرنے والوں کا ملک ہے اور ایشیا کپ کا ایونٹ کامیابی سے ہونا اس کی ایک مثال ہے۔ اس موقع پر انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے آفیشل جائلز کلارک نے کہا کہ اوول ٹیسٹ کے حوالے سے آئی سی سی کا فیصلہ قبول کرتے ہیں۔