بیجنگ اولمپکس: ہاکی ایونٹ میں ہالینڈ نے پاکستان کو ہرادیا
بیجنگ: بیجنگ اولمپکس کے ہاکی ایونٹ میں ہالینڈ نے پاکستان کو دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے دی۔ قومی ٹیم اس شکست کے بعد آئندہ سال ہونے والی چیمپئنز ٹرافی سے بھی باہر ہو گئی ہے۔ گروپ بی کے میچ میں پاکستان کو پہلے ہاف میں محمد عمران کے گول کی بدولت برتری حاصل تھی۔ ڈچ ٹیم نے دوسرے ہاف میں جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے چار گول اسکور کئے۔ پاکستان کی جانب سے دوسرا گول چھیاسٹھویں منٹ میں عدنان مقصود نے کیا۔ ہالینڈ سے شکست کے بعد اب قومی ٹیم بیجنگ اولمپکس میں ساتویں پوزیشن کا میچ کھیلے گی اس طرح پاکستان آئندہ سال ہونے والی چیمپئنز ٹرافی سے بھی باہر ہو گیا ہے۔
قومی ٹیم کے کوچ نوید عالم نے شکست پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے پہلے ہاف میں اچھا کھیل پیش کیا لیکن دوسرے ہاف میں کمزور ڈیفنس کے باعث ڈچ ٹیم چار گول کرنے میں کامیاب ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو گزشتہ میچوں میں مزید گول اسکور کر کے اولمپکس میں بہتر پوزیشن حاصل کرنی چاہئے تھی لیکن پاکستانی کھلاڑی مواقعوں سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔