نئی دہلی: آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان رکی پونٹنگ نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں جیسن کریجزا یا کیمرون وائٹ میں سے کسی ایک اسپنر کو ڈیبیو کرایا جاسکتا ہے۔ لیگ اسپنر برائس میک گین کندھے کی انجری کے باعث وطن واپس لوٹ چکے ہیں اور سلیکٹرز نے ان کی جگہ کیمرون وائٹ کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔
کریجزا اور وائٹ اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں اپنا ڈیبیو نہیں کرسکے ہیں۔کریجزا انڈین بورڈ پریذیڈنٹ الیون کے خلاف میچ میں کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے تھے۔ آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ کا کہنا ہے کہ کریجزا نے انڈین بورڈ پریذیڈنٹ الیون کے خلاف چار روزہ میچ میں اچھی باؤلنگ کی۔ پونٹنگ نے کہا کہ بنگلور کی وکٹ دیکھ کر ہی فائنل الیون کا انتخاب کیا جائے گا لیکن دونوں میں سے کوئی ایک اسپنر نواکتوبر سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ ٹیم کا حصہ ضرور ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کیمرون وائٹ ایک اچھے آل راؤنڈر ہیں اور باؤلنگ کے ساتھ ساتھ وہ بیٹنگ میں بھی ٹیم کے لئے فائدہ مند ثابت ہوسکتے ہیں۔ آسٹریلوی کپتان نے بریٹ لی‘ مچل جونسن اور اسٹیورٹ کلارک پر مشتمل فاسٹ باؤلنگ اٹیک پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیریز میں ان کا کردار اہم ہوگا۔