ٹوئنٹی ٹوئنٹی:زمبابوے کی جگہ برمودہ کو مدعو کر نے پر غور
کینیڈا: ویزے کے حصول میں دشواری کے باعث کینیڈا میں ہونے والے چار ملکی ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے منتظمین زمبابوے کی جگہ برمودہ کو مدعو کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ چار ملکی ٹوئنٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں دس اکتوبر سے ٹورنٹو میں شیڈول ہے جس میں میزبان کینیڈا کے علاوہ پاکستان‘ سری لنکا اور زمبابوے کی ٹیموں کو شرکت کرنا ہے۔ تاہم کینیڈین ایمبیسی نے زمبابوے کی ٹیم کو اب تک ویزے جاری نہیں کئے ہیں ٹورنامنٹ کے منتظمین ٹورنامنٹ کو بچانے کیلئے زمبابوے کی جگہ آئی سی سی کے نان ایسوسی ایٹ ممبر برمودہ کو مدعو کرنے پر غور کر رہے ہیں۔
اس سے قبل یہ ٹورنامنٹ اگست میں کھیلا جانا تھا تاہم ویسٹ انڈیز کے انکار کے بعد منتظمین نے اسے دو ماہ کے لئے موخر کر دیا تھا جبکہ ویسٹ انڈیز کی جگہ زمبابوے کو ایونٹ میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔
زمبابوے کے صدر رابرٹ موگابے کی پالیسیوں پر احتجاج کرتے ہوئے کئی مغربی ممالک نے زمبابوے کے ساتھ سفارتی تعلقات معطل کر رکھے ہیں جبکہ آئی سی سی نے افریقی ملک کا ٹیسٹ اسٹیٹس پہلے ہی معطل کیا ہوا ہے۔