دہلی: دوسری انڈین کرکٹ لیگ میں شرکت کے لئے لاہور بادشاہز کی ٹیم انضمام الحق کی قیادت میں دہلی پہنچ گئی۔انضمام الحق کی قیادت میں لاہور بادشاہز کے پندرہ کھلاڑی اور تین آفیشلز پر مشتمل اسکواڈ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دہلی روانہ ہوا۔ ٹیم میں اس بار تین نوجوان کھلاڑیوں حافظ خالد، شاہد یوسف اور طاہر مغل کو شامل کیا گیا ہے۔ ٹیم کے کوچ معین خان کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم کی اچھی تیاری ہے اور وہ اس بار پچھلے ایونٹ کی غلطیاں نہیں دہرائیں گے اور تینوں شعبوں میں شاندار پرفارمنس دکھا کر ٹرافی جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔
لاہور بادشاہز ٹیم کے کپتان نے کہا کہ آئی سی ایل کے پچھلے ایونٹ میں ان کی ٹیم فائنل ہار گئی تھی، لیکن اس بار تمام کھلاڑی فائنل جیتنے کے لئے پرعزم ہیں۔ انضمام الحق کا کہنا تھا کہ ان کی عدم موجودگی میں سابق کپتان وسیم اکرم پی سی بی کے آئین میں ترمیم، آئی سی ایل کھیلنے والے کھلاڑیوں پر پابندی ختم کرنے سمیت تمام امور پر وفاقی وزارت قانون اور کھیل سے رابطے میں رہیں گے۔دوسری آئی سی ایل گرینڈ چیمپئن شپ دس اکتوبر سے انیس نومبر تک بھارت کے مختلف شہروں میں ہو گی جبکہ اکیس سے انتیس نومبر تک تین میچوں کی ورلڈ سیریز بھی کھیلی جائے گی۔