|
رواں سال بھارت کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی،آصف باجوہ
اسلام آباد: پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری آصف باجوہ نے کہا ہے کہ رواں سال بھارت کی جونیئر اور سینئر ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی۔ جرمنی سے وطن واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصف باجوہ نے بتایا کہ نومبر کے وسط میں بھارت کی جونیئر جبکہ دسمبر کے آخر میں سینئر ٹیم ہاکی سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان کا دورہ کرے گی۔ آصف باجوہ نے بتایا کہ آئندہ سال جنوری میں پاکستانی ٹیم بھارت میں ہونے والے چار ملکی ٹورنامنٹ میں حصہ لے گی۔ ایک سوال پر آصف باجوہ نے کہا کہ چودہ اکتوبر کو پی ایچ ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں اہم فیصلے کئے جائیں گے اجلاس میں سینئر ٹیم کے چیف کوچ اور سلیکشن کمیٹی کے ارکان کا انتخاب بھی کیا جائے گا۔ آصف باجوہ نے ہیمبرگ ماسٹرز ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم بہتری کی جانب گامزن ہے۔ |