کاترا: پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ تعلقات بہتر بنانے کے لئے کرکٹ اور ہاکی میچز کے بعد اب مشن دوستی کے نام سے ریسلنگ مقابلوں کا انعقاد کیا گیا ہے۔ پاک بھارت تعلقات کو فروغ دینے کے لئے مقبوضہ جموں کشمیر کے شہر کاترا میں ایک روزہ کشتی مقابلے منعقد کئے گئے۔ جس میں پاکستان کے پانچ پہلوانوں نے شرکت کی۔ جن کا صرف ایک ہی پیغام تھا کہ ماضی کے تلخ تجربات بھلا کر دو طرفہ تعلقات بہتر بنائے جائیں۔
ایونٹ میں شریک پاکستانی ریسلر عبدالرحمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جو اپنا پن ملا وہ ناقابل فراموش ہے۔ مقابلے میں شریک بھارتی پہلوان سشیل کمار کا کہنا تھا کہ کشتی پاکستان اور بھارت کے درمیان اچھے تعلقات استوار کرنے کا ایک ذریعہ ہے۔ بین الاقوامی مقابلوں میں جیت چاہے بھارت کی ہو یا پاکستان کی خوشی دونوں ممالک کے کھلاڑیوں کو ہوتی ہے۔ اس موقع پر ایونٹ کے منتظمین کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی جانب سے جو پیار ملا وہ قابل ستائش ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشتی کے ان مقابلوں کا انعقاد دو ہزار پانچ سے کیا جا رہا ہے۔ اس طرح کے ایونٹ مستقبل میں بھی ہوتے رہے تو اس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہو سکتے ہیں۔